سری نگر،27جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی کشمیرکے ضلع پلوامہ میں پولیس تھانہ پانپورسے اپنی سروس رائفل لیکر فرار ہونے والے ایک اسپیشل پولیس آفیسر(ایس پی او) نے مبینہ طور پروادی میں سرگرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانہ پانپورمیں تعینات ایس پی اوعرفان احمد ڈارگذشتہ رات اپنی سروس رائفل کے ساتھ غائب ہوگیا۔
انہوں نے بتایا ’ایس پی اوعرفان احمد کا کہ پورہ کے نہامہ نامی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ ہم نے اس کی تلاش شروع کردی ہے‘۔ اس دوران وادی میں سرگرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ عرفان نے اس کی صفوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ایک مقامی خبررساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین کے حوالے سے کہا ’سروس رائفل کے ساتھ فرارہونے والے ایس پی اوعرفان احمد ڈار ساکنہ نہامہ کاکہ پورہ نے حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے‘۔ تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی ریاستی پولیس اہلکار نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔
گذشتہ دو برسوں کے دوران قریب ایک درجن ریاستی پولیس اہلکار ہتھیارسمیت فرارہوکر مختلف جنگجو تنظیموں بالخصوص حزب المجاہدین میں شامل ہوئے۔
دریں اثنا جنوبی کشمیرکے ضلع اننت ناگ میں مبینہ طورپردوپڑھے لکھے نوجوانوں نے جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔
سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی تصویروں کے مطابق ڈاکٹربرہان گنائی ساکنہ ایس کے کالونی اننت ناگ اورجنید احمد بٹ ساکنہ ککرناگ اننت ناگ نے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہیں تصویروں میں اے کے 47 رائفل تھامے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔